قاہرہ،9جنوری(آئی این ایس انڈیا)مصر میں پیر کو ایک خودکش ٹرک بم حملے میں کم از کم نو افراد ہلاک اور 10زخمی ہو گئے۔حکام اور طبی کارکنوں کے مطابق شمالی جزیرہ نما علاقے سیناء میں خودکش حملہ آور نے کوڑے کے ایک ٹرک میں بارود بھر کر پولیس کی ایک عمارت کے باہر سکیورٹی چوکی پر حملہ کیا۔اس کے بعد نقاب پوش عسکریت پسندوں نے یہاں فائرنگ کی اور پولیس اہلکاروں کو دستی بم سے نشانہ بنایا۔حکام کا کہنا تھا کہ پولیس کی عمارت کی تین منزلوں کو شدید نقصان پہنچا، ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔بعض ایسی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں کہ مسلح حملہ آوروں نے متعدد سکیورٹی اہلکاروں کو یرغمال بنا لیا ہے لیکن اس کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔ایک سکیورٹی عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر امریکی خبر رساں ایجنسی "ایسوسی ایٹڈ پریس" کو بتایا کہ حملے کے لیے استعمال ہونے والا کوڑے کا ٹرک چند روز پہلے العریش شہر کے بلدیاتی محکمے سے چوری ہوا تھا۔تاحال اس حملے کی ذمہ داری کسی فرد یا گروہ نے قبول نہیں کی ہے لیکن مصر کے اس علاقے میں اس سے قبل ہونے والے حملوں کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم داعش کے جنگجو کرتے رہے ہیں۔